Thursday, 04 October, 2007, 15:55 GMT 20:55 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سندھ ہائی کورٹ نے صدارتی امیدوار فریال تالپور کی درخواست کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے۔ سپریم کورٹ میں جاری اسی نوعیت کے درخواستوں پر کارروائی کی روشنی میں اس درخواست کا فیصلہ کیا جائیگا۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ہائی کورٹ میں صدر جنرل پرویزمشرف کے آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کیا ہے اور عدالت سے صدارتی انتخاب کے عمل کو روکنے کی استدعا کی ہے۔
فریال تالپور نے اپنی آئینی درخواست میں صدر جنرل پرویز مشرف، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) قاضی محمد فاروق سمیت صدارتی انتخاب کے دیگر دو امیدواروں پی پی پی کے وائس چئرمین مخدوم امین فہیم اور جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کو جوابدہ بنایا ہے۔
اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنرل مشرف صدارتی انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے وردی نہیں اتاری ہے اور انہوں نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس داخل کرکے عدلیہ کو بدنام کیا ہے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
جنرل مشرف نا اہل ہیں: درخواست |
سندھ ہائی کورٹ میں جمعہ کو بے نظیر بھٹو کی گرفتاری سے قبل ضمانت کی درخواست کی بھی سماعت ہوگی۔