http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 01 October, 2007, 14:51 GMT 19:51 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان: صدارت کے پانچ امیدوار

پاکستان میں چھ اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد میدان میں صرف پانچ امیدوار رہ گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق مقابلہ اب جنرل پرویز مشرف، مسز فریال تالپور، میاں محمد سومرو، مخدوم امین فہیم اور وجیہہ الدین احمد کے درمیان ہوگا۔

انتخابی شیڈول کے مطابق پیر صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا۔

جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سنیچر کو الیکشن کمشنر نے درست قرار دیئے تھے پیر کو اُن چھ میں سے صرف ایک امیدوار، سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین نے کاغذات واپس لے لیے۔ انہوں نے اس کے لیے ایک تحریری درخواست کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مقررہ وقت یعنی پیر کو دو پہر بارہ بجے سے پانچ منٹ قبل ہی دی۔

چھ اکتوبر کے انتخابات ابھی بھی یقینی نہیں ہیں۔ توقع ہے کہ وکلاء کے امیدوار جسٹس وجیہہ الدین اور مسز فریال تالپور صدر جنرل پرویز مشرف کے امیدوار قرار دیئے جانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔