Monday, 01 October, 2007, 16:24 GMT 21:24 PST
احمدرضا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور صدارتی امیدوار فریال تالپور نے سندھ ہائی کورٹ کراچی میں ایک آئینی درخواست داخل ہے جس میں پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کے آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کیا گیا ہے اور عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ صدارتی انتخاب کے عمل کو روکا جائے۔
فریال تالپور نے اپنی آئینی درخواست میں صدر جنرل پرویز مشرف، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) قاضی محمد فاروق کے علاوہ صدارتی انتخاب کے دیگر دو امیدواروں پی پی پی کے وائس چئرمین مخدوم امین فہیم اور جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کو جوابدہ بنایا ہے۔
درخواست میں ان کا کہنا ہے کہ 29 ستمبر کو امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے موقع پر انہوں نے جنرل مشرف کے امیدوار ہونے کے خلاف اعتراضات اٹھائے تھے لیکن چیف الیکشن کمشنر نے ان کے اعتراضات کو تسلیم نہیں کیا جس کے باعث انہوں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جنرل مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے اور چھ اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے خلاف حکم امتناع جاری کیا جائے۔