http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 22 September, 2007, 08:02 GMT 13:02 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ، اسماعیل خان

فوجی قافلے پر حملہ، ایک ہلاک

صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ٹانک میں ایک خود کش حملے میں ایک فوجی اہلکار زخمی جبکہ خود کش حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔ قافلے میں شامل ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ٹانک پولیس کے مطابق سنچر کے صبح دس بجے کے قریب ایک فوجی قافلہ ٹانک سے منزائی جارہا تھا کہ راستے میں ایک خود کش حملہ آور نے اپنی گاڑی قافلے میں شامل فوج کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ خود کش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ زخمی کو ٹانک سکاؤٹس ہسپتال میں داخل کرا دیاگیا۔

پولیس کے مطابق خوکش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ٹانک جنڈولہ شاہراہ کو دو گھنٹے تک ہرقسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ دو گھنٹے کے بعد فوجی قافلہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوا۔

یادرہے کہ ٹانک پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے ملحقہ ضلع ہے جہاں مقامی طالبان نے گزشتہ چندہ ماہ میں کئ مرتبہ فوج سمیت قانوں نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں پر حملے کیے ہیں۔ٹانک کے علاوہ صوبہ سرحد کے دوسرے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان؛ بنوں اور لکی مروت میں بھی حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔