Thursday, 20 September, 2007, 07:31 GMT 12:31 PST
عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں جمعرات کی صبح ایک بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بھی دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔
سوات کے ضلعی رابطہ افسر سید محمد جاوید نے بتایا ہے کہ بم دھماکہ مینگورہ سے تقریباً اٹھارہ کلومیٹر شمال کی جانب گل باغ میں ایک ہوٹل مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے سامنے ہوا۔ زخمیوں میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ انسٹیٹیوٹ کے دو سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں۔
ان کے بقول ریموٹ کنٹرول سے کیے جانے والے اس بم حملے کا نشانہ پولیس اہلکار تھے ۔ ہلاک ہونے والے سپاہی کا نام فضل نواب بتایا جا رہا ہے۔ وہ دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور انہیں علاج کے لیے پشاور لے جایا گیا تھا۔
باقی چار زخمیوں کو قریبی سیدو شریف ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی رابطہ افسر کے مطابق ہوٹل مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کو اس سے قبل نامعلو م افراد کی جانب سےدھمکیاں دی گئی تھیں، جس پر حکومت نے وہاں پر پولیس تعینات کیا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ضلع سوات میں گزشتہ چند ماہ کے دوران خودکش حملوں، سی ڈی سینٹرز میں بم دھماکوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم حکام ابھی تک اس سلسلے میں نہ تو کسی کو گرفتار کر پائے ہیں اور نہ ہی ان حملوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے کسی کو ذمہ دار ٹھرایا گیا ہے۔