Sunday, 16 September, 2007, 14:43 GMT 19:43 PST
بیورو رپورٹ
بی بی سی اسلام آباد
حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد اے پی ڈی ایم نے صدارتی الیکشن میں صدر جنرل پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی صورت میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور نواز شریف کی جلاوطنی اور عدلیہ کے ساتھ ناانصافی کے خلاف اکیس ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔
اس سلسلے میں کی گئی نیوز کانفرنس میں کہا گیا کہ اے پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کی طرف سے صدارتی انتخاب کے قواعد میں ترمیم کر کے آئین کی دفعہ تریسٹھ کو غیر موثر بنانے کی کوشش کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں دس ستمبر کو میاں نواز شریف کی جلا وطنی کی مذمت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے میاں نواز شریف کو پاکستان واپس آنے کی اجازت دے دی تھی اس کے باوجود انہیں جلاوطن کرنا یہ ثابت کر تا ہے کہ موجودہ حکومت کے لیے عدلیہ کے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو ملک کے اس اندرونی سیاسی معاملے میں ملوث نہیں کرنا چاہیے تھا۔
اجلاس میں عمران خان کے کراچی شہر میں داخلے پر پابندی کی بھی مذمت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی جانا ہر شہری کا حق ہے اور اس حق کی خلاف ورزی کرنا سراسر نا انصافی ہے۔
موجودہ حکومت کے طرز عمل پر احتجاج کرنے کے لیے اے پی ڈی ایم نے اکیس ستمبر بروز جمعہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔
حزب اختلاف کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، عدلیہ کی اجازت کے باوجود نواز شریف کی جلاوطنی اور آئین میں ترامیم کی کوششیں موجودہ حکومت کی نا کامی کا ثبوت ہیں۔