http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 September, 2007, 13:26 GMT 18:26 PST

عباس نقوی
کراچی

بینظیر: سیاسی آغاز سے ڈیل تک

پاکستان میں دو بار وزیرِاعظم بننے والی بے نظیر بھٹو کے آنے کی خبریں پوری طرح گرم بھی نہیں ہو پائی تھیں کہ یہ اعلان آ گیا کے وہ اٹھارہ اکتوبر کو واپس آنے کا طے کر چکی ہیں۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز اُنیس سو چھیاسی سے کیا تھا اور اس سال جب وہ پاکستان پہنچیں اور عوام نے اُن کا بھرپور استقبال کیا۔ اس کے صرف دو سال کے عرصے کے بعد ہی اُن کی پارٹی نے ملک بھر سے کامیابی حاصل کی اور انہیں اُنیس سو اٹھاسی میں ملک کی پہلی خاتوں وزیرِاعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

مگر صرف بیس ماہ بعد اُس وقت کے صدر غلام اسحاق خاں نے ان کی حکومت کو برطرف کر دیا۔

سنہ اُنیس سو ترانوے کے انتخابات میں بے نظیر بھٹو اور اُن کی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرلی اور وہ دوبارہ وزیرِاعظم کے منصب پر فائز ہوئیں اس بار اُنہیں تین سال تک حکومت کرنے کا موقع ملا تاہم سنہ اُنیس سو چھیانوے میں ایک بار پھر بے نظیر بھٹو کی حکومت برطرف کردی گئی اس بار یہ کام صدر فاروق لغاری نے کیا جو ان کی اپنی جماعت سے تعلق رکھتے تھے۔

میر مرتضی بھٹو کے قتل کے کچھ عرصے بعد بے نظیر کی حکومت دوسری بار برطرف ہوئی اور اُنہون نے جلاوطنی اختیار کر لی جو اب تک جاری ہے۔

رواں سال کے وسط میں بے نظیر بھٹو اور موجودہ فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے درمیان شراکتِ اقتدار کے بالواسطہ اور بلاواسطہ رابطوں اور مذاکرات کی خبریں سامنے آئیں تاہم دونوں ہی نے اِن مذاکرات کی مکمل تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔