http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 12 September, 2007, 13:54 GMT 18:54 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

اسمبلیاں دوبارہ صدر بنائیں گی

پاکستان حکومت نےاعلان کیا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب کرایا جائے گا۔

یہ اعلان وزیراعظم شوکت عزیز کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے پریس انفرمیشن ڈیپارٹمینٹ کے ایک بیان میں کیا گیا ہے۔

’وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومتی اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے نمائندے شریک رہے اور انہوں نے متفقہ طور پر جنرل پرویز مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے صدر منتخب کرانے کی توثیق کی‘۔

بعض سیاسی تبصرہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس طرح کے بیانات پیپلز پارٹی سے شراکت اقتدار کے بارے میں ہونے والی بات چیت میں اپنی بارگیننگ پوزیشن بہتر کرنے کی ایک کوشش بھی ہوسکتی ہے۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو نے دبئی میں آج اپنی جماعت کے سرکردہ ساتھیوں سے واپس پاکستان جانے اور صدر جنرل پرویز مشرف سے مفاہمت کے لیے مشاورت شروع کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت تیرہ ستمبر کو بھی جاری رہے گی۔

میاں نواز شریف کی جانب سے پاکستان آنے کے اعلان کے بعد بینظیر بھٹو نے بھی پاکستان آنے کی تاریخ کا اعلان چودہ ستمبر کو کرنے کا بیان دیا تھا۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو تو حکومت نے واپس جدہ بھجوا دیا لیکن بینظیر بھٹو کی کوشش ہے کہ وہ حکومت سے مفاہمت کے بعد پاکستان پہنچیں۔