http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 09 September, 2007, 15:27 GMT 20:27 PST

اسلام آباد ائرپورٹ کا علاقہ ممنوعہ

راولپنڈی پولیس کے سربراہ ڈی آئی جی سید مروت علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر کی صبح اسلام آباد ائرپورٹ کے قرب وجوار کا علاقہ ممنوعہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے اور اس میں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بی بی سی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ائرپورٹ سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے باہر نہ نکلیں۔

انہوں نہ کہا کہ پنجاب پولیس کے علاوہ رینجرز کے اہلکار بھی اس علاقے میں تعینات کردیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ ہے اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی وطن واپسی سے اسلام آباد ائرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا اور اس ضمن میں پی آئی اے اور دیگر ائرلائنز کے حکام پیر کے روز سفر کرنے والے مسافروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی اسلام آباد کے ترجمان مبارک شاہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شیڈول کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد ائرپورٹ پراندرون ملک اور بیرون ملک اٹھتر پروازیں لینڈ اور ٹیک آف کریں گی۔

بی بی سی سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ائرلائنز کے حکام نے متعلقہ مسافروں سے رابطہ کیا ہے اور ان سافروں کوگاڑیوں کے ذریعے ائرپورٹ پر لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعدد پوائنٹس بنائے گئے ہیں ان میں کرال چوک، جناح پارک اور زیرو پوائنٹ شامل ہیں۔