Wednesday, 05 September, 2007, 09:39 GMT 14:39 PST
شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
راولپنڈی میں منگل کو ہونے والے دو خودکش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستائیس ہوگئی ہے جبکہ نو افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے پندرہ افراد کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت کے لیے ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ادھر راولپنڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دھماکوں میں وہی گروپ ملوث ہے جس نے اس سال جولائی میں اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ مرکز اور آبپارہ مارکیٹ میں دو خودکش حملے کیے تھے جن میں اٹھائیس سے زائد افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
![]() | |
| زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے |
اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ اس نے بائیس اگست کو خودکش حملہ آوروں کے اس گروہ کے پانچ ارکان کو گرفتار کیا تھا۔گرفتار ہونے والوں میں فصیح اللہ عرف ٹیپو سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان، ناصر محمود، امداد حسین اور دو بھائی فیصل مشتاق اور قاسم مشتاق شامل ہیں اور ان کے قبضے سے پولیس کے بقول خودکش جیکٹس، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔
واضح رہے کہ پہلا دھماکہ اٹھارہ جولائی کو ایف ایٹ مرکز میں ہوا جس میں اٹھارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے ان میں زیادہ تعداد پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی تھی جبکہ دوسرا دھماکہ آبپارہ مارکیٹ میں ہوا تھا جس میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے تھی جنہیں لال مسجد کے تنازع کے سلسلے اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا۔