Wednesday, 05 September, 2007, 12:47 GMT 17:47 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی اور ضلع سوات میں پولیس چوکی اور گرلز سکول پر ریموٹ کنٹرول اور دستی بم سے حملے کیے گئے ہیں جن میں بیت المال افسر سمیت دو سرکاری اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔
باجوڑ کے صدر مقام خار سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ ایجنسی میں بیت المال دفتر کے انچارج محمود جان بدھ کی صبح گھر سے دفتر جارہے تھے کہ پلانگ کے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد اعلیٰ سرکاری حکام موقع پر پہنچے اور سرکاری اہلکار کو پشاور منتقل کیا گیا۔
اس واقعہ کے بعد باجوڑ میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور مقامی انتظامیہ نے رات کے وقت گھروں سے نکلنے پر پابندی لگا دی ہے۔
ادھر صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس چوکی اور گرلز سکول پر بم حملوں میں ایف سی کے ایک اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
سوات کے گرلزسکول پر بم حملہ |
واضح رہے کہ لال مسجد کے واقعہ کے بعد سوات میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔