Monday, 03 September, 2007, 08:44 GMT 13:44 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان میں ساحلی شاہراہ پر پسنی کے قریب ایک مسافرکوچ کے الٹنے سے تین خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک اور انتیس زخمی ہو گئے ہیں۔
مند سے کراچی جانے والی کوچ کو حادثہ پسنی سے دس کلومیٹر دور زیرو پوائنٹ پر پیش آیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ مسافر کوچ ڈیز ل اور تیل کے ڈرم کے علاوہ کھجوروں اور دیگر سامان سے لدی ہوئی تھی اور زیرو پوائنٹ پر تیز رفتاری کے باعث کوچ الٹ گئی ہے۔ پولیس نے زخمی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی صحافی امام بخش بہار نے بتایا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا ہے۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے کراچی اور ادھر کوئٹہ آنے والی مسافر کوچوں پر سواریوں کے علاوہ ایرانی سامان لاد دیا جاتا ہے جس سے اکثر حادثے پیش آتے ہیں۔
ایران سے پٹرول کی ترسیل تو کافی حد تک کم ہو گئی ہے لیکن ڈیزل تیل کے علاوہ دیگر سامان اب بھی آرہا ہے ۔ ان مسافر کوچوں پر اضافی ٹینکیاں بنائی جاتی ہیں جن میں پٹرول اور ڈیزل سمگل کر کے مختلف علاقوں میں لے جایا جاتا ہے۔