Friday, 31 August, 2007, 15:04 GMT 20:04 PST
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اور فیڈرل کونسل کا مشترکہ اجلاس پارٹی کی تاحیات چیئر پرسن بے نظیر بھٹو کی زیر صدارات لندن میں جمعہ کی شام کو ہو رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات شیری رحمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر مشرف کی حکومت سے ہونے والے مذاکرات کا معاملہ یقیناً اجلاس میں زیر غور آئے گا۔
تاہم انہوں نے کہ اس اجلاس کے ایجنڈے میں آئندہ آنے والے انتخابات، ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے معاملات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں پارٹی کے تمام عہدے دار اور فیڈررل کونسل کے اراکین شرکت کر رہے ہیں جن میں مخدوم امین فہیم، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، جہانگیر بدر اور چودھری اعتزاز احسن شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے بارے میں پریس کانفرنس سنیچر کو کی جائے گی۔