http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 30 August, 2007, 05:56 GMT 10:56 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

سوئی: گیس پائپ لائن کو نقصان

بلوچستان کے شہر سوئی میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جس سے قریبی بجلی کے کھمبوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سوئی کے پولیس افسر نجم الدین ترین نے بتایا ہے کہ سولہ انچ قطر کی پائپ لائن کو سوئی میں محمد کالونی کے قریب دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا ہے۔ یہ پائپ لائن سات کنوؤں سے پلانٹ کو گیس فراہم کرتی ہے۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے قریب بجلی کے ٹرانسفارمر اور کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے اور بجلی کی تاریں زمین پر گر گئی ہیں۔

دریں اثناء اپنے آپ کو بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نے اپنی تنظیم کی جانب سے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سرباز بلوچ نے نا معلوم مقام سے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ یہ پائپ لائن سوئی چھاؤنی ائیر پورٹ روڈ اور سوئی میں ڈیفنس کے علاقے کے قریب ہے۔

دو روز پہلے سوئی میں ایک پانی کے ٹینکر کو دھماکے سے اڑایاگیا تھا اور پنجگور میں فرنٹیئر کور کے کیمپ اور دیگر مقامات پر راکٹ داغے گئے تھے جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن فرنٹ کے ترجمان بشام بلوچ نے قبول کی تھی۔

بلوچستان میں مبینہ فوجی آپریشن شروع ہوئے کوئی ایک سال اور آٹھ ماہ ہو گئے ہیں اور اس دوران ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں فضائی حملے اور بمباری بھی کی گئی۔ تاہم مبصرین کے خیال میں حالات میں کوئی بہتری پیدا نہیں ہو سکی ہے۔ بم دھماکے راکٹ باری اور قومی تنصیبات پر حملوں کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔