Thursday, 30 August, 2007, 17:44 GMT 22:44 PST
شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف کو ان کی وطن واپسی پر گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی اقدام اُٹھائے گی وہ قانون کے مطابق ہوگا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف کے خلاف دو ایسے مقدمات ہیں جن میں انہیں جرمانے کی سزا بھی سنائی جا چکی ہے لیکن انہوں نے یہ جرمانہ ادا نہیں کیا اور اس ضمن میں بھی انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے خلاف نیب کے تین کیسوں کی سماعت دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔
وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی وطن واپسی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان افراد کی وطن واپسی پر لائحہ عمل تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا حکومت شریف برادران کے خلاف جو بھی کارروائی کرے گی وہ قانون کے مطابق ہوگی۔
واضح رہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف متعدد بیانات دے چکے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک ڈیل کے تحت ملک سے باہر گئے تھے اس لیے انہیں اس کے تحت دس سال تک وطن واپس نہیں آنا چاہیے۔