Wednesday, 29 August, 2007, 14:51 GMT 19:51 PST
انتخاب امیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد
صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ’ایک خیر خواہ ہستی‘ نے نواز شریف کو پیغام بھیجوایا ہے کہ وہ جنرل مشرف کے ساتھ کیے گئے اپنے وعدے، جس کے تحت انہیں دس سال تک ملک سے باہر رہنا ہے، کی پاسداری کریں۔
نواز شریف پر الزام |
صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر دعوے کر رہے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے لیے کئی منصوبے شروع کیے۔ صدر مشرف نے نواز شریف پر الزام لگایا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نےعوام کو دھوکہ دیا۔
صدر نے نواز شریف کے بارے میں کہا ’ان کا دعوٰی ہے کہ انہوں نے موٹروے بنایا اور پیلی ٹیکسی سکیم شروع کی جبکہ ان کے دور میں بنایا گیا موٹروے ایم ٹو انتہائی مہنگا تعمیر کیا گیا اور اس کے قرضے موجودہ حکومت ادا کرتی رہی ہے۔‘
جنرل پرویز مشرف کے مطابق پیلی ٹیکسی سکیم نے پاکستان کے بینکوں کو دیوالیہ کر دیا۔ مشرف نے کہا کہ ’وہ عوام کو دھوکہ دیتے رہے اور اب واپس آ کر دوبارہ دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔‘
ملکی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ اس وقت ملک کو استحکام کی ضرورت ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات تک امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہونا چاہیے۔ یہ انتخابات کا سال ہے، ملک کو کئی چیلنج اور خطرات درپیش ہیں، انتہاپسندی اور دہشت گردی اہم مسئلہ ہے۔ مفاد پرست عناصر غیریقینی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، عوام ان سے بچ کر رہیں۔