Saturday, 25 August, 2007, 13:46 GMT 18:46 PST
شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سنیچر کو کروز میزائل حتف آٹھ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ میزائل تین سو پچاس کلومیٹر کی رینج تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل سمندری اور زمینی حدود سے فائر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میزائل ہر قسم کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
میجر جنرل وحید ارشد کا کہنا تھا کہ یہ میزائل مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے پاکستانی سائنسدانوں کواس کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔