Wednesday, 22 August, 2007, 10:55 GMT 15:55 PST
ایوب ترین
کوئٹہ
بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں ایف سی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران بازیاب کرائے گئے21 ایرانی مغویوں کو بدھ کو کوئٹہ میں ایک خصوصی تقریب میں ایرانی حکام کے حوالے کردیا گیا۔
تقریب میں ایرانی صوبے سیستان کے گورنر محسن صدیقی، کوئٹہ میں ایران کے قونصل جنرل آرین نژاد، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل سلیم نواز، صوبائی پولیس سربراہ طارق مسعود کھوسہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر میجر جنرل سلیم نواز نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران سرحد سے ملحقہ بلوچستان کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
میجر جنرل سلیم نواز نے کہا کہ ملزمان کا کسی خاص تنظیم سے ابھی تک تعلق واضح نہیں ہوا ۔ ملزموں میں پاکستان اور ایرانی دونوں باشندے شامل ہیں جن سے پولیس تفتیش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تاہم اس معاملے کا فیصلہ وزارتِ خارجہ ایران کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کے معاہدے سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لے کر کرے گی۔ ایرانی حکام کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ایرانی صوبے سیستان کے گورنر محسن صدیقی نے حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو پاکستانی فورسز کی جانب سے ایرانی مغویوں کی بازیابی کے اقدام سے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔