http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 14 August, 2007, 14:30 GMT 19:30 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں گھر کے سربراہ شاہد گل اور ان کی چار بچیاں جبکہ زخمیوں میں شاہد گل کی اہلیہ، والد اور والدہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

مہمند ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب یکہ غنڈ بازار میں پیش آیا۔ ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مہمند ایجنسی میں گزشتہ دو دن سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واقعہ کے فوری بعد پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملبے سے لاشیں نکال لی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق بارش سے گھر کا برآمدہ اور تین کمرے مکمل طورپر منہدم ہوگئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق ہلاک ہونے والی بچیوں کے نام سمعیہ، سویرا، سوہانی اور کرشمہ ہیں جن کی عمریں چار سے نو سال کی درمیان بتائی جاتی ہیں۔
فائل فوٹو
شدید بارشوں سے گھروں، دکانوں اور طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے

ادھر پیر کو صوبہ سرحد کے ضلع کوہستان میں آسمانی بجلی اور شدید بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے تیرہ افراد کی لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

کوہستان کی مقامی انتظامیہ کے مطابق اب تک سیلابی پانی سے چھ افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ دیگر افراد کی تلاش کا کام بھی تیز کردیا گیا ہے۔

منگل کو کوہستان کے ضلعی ناظم سید خان اورکزئی اور اعلیٰ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ادھر یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ گھروں، دکانوں اور طبی مراکز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔