http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 12 August, 2007, 09:00 GMT 14:00 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان

جاسوسی کےالزام میں قتل

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک افغان باشندے کو امریکہ اورافغان نیشنل آرمی کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کے الزام میں قتل کردیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان کی پولیٹکل انتظامیہ نے کہا ہے کہ اتوار کو میرانشاہ کے قریب ایک برساتی نالے سے حبیب الرحمٰن نام کے ایک افغان باشندے کی لاش ملی ہے۔ حکام کے مطابق لاش کو ٹاؤن کمیٹی میرانشاہ لایا گیا ہے اور ان کے قریب رشتہ داروں نے لاش کی شناخت کرلی گئ۔

حکام کے مطابق لاش کے ساتھ پشتوں زبان میں تحریر ایک خط بھی ملا ہے۔خط کے مطابق حبیب الرحمٰن کا تعلق افغانستان کے جنوبی ضلع پکتیا کے علاقے زورمت سے ہے۔

خط کے مطابق وہ کافی عرصہ سے افغان نیشنل آرمی اور امریکہ کے لیے جاسوسی کا کام کرتےتھے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حبیب الرحمٰن ہفتے میں ایک دو بار سرحد کے اس پار جاتا ہے،جہاں وہ افغان نیشنل ارمی اور امریکی اہلکاروں سے ملتےتھے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل آرمی اور امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے والوں کا یہی انجام ہوگا۔ مقامی لوگوں کے مطابق حبیب الرحمٰن کو تین دن پہلے افغان سرحد کے قریب سے نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔

شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں گزشہ پانع سال کے دوران امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے یا پاکستان کی حمایت کرنے کے الزام میں دو سو سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔