Thursday, 09 August, 2007, 01:21 GMT 06:21 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے علاقے تربت میں مند کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کور کے ایک کرنل کے زخمی ہونے جبکہ دو مزاحمت کاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے جبکہ ایف سی کے حکام اس کی تصدیق نہیں کر رہے۔
تربت کے پولیس افسر عمران محمود نے بتایا ہے کہ فرنٹیئر کور کے اہلکار مند سے چند کلومیٹر دور سرچ آپریش کر رہے تھے کہ اس دوران مسلح مزاحمت کاروں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں فرنٹیئر کور کے ایک لیفٹیننٹ کرنل کےکندھے میں گولی لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح مزاحمت کاروں کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے پانچ اہلکار زحمی ہوئے ہیں اور دو مزاحمت کار ہلاک ہو ئے ہیں لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اس بارے میں فرنٹیئر کور کے بریگیڈیئر فرقان سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس واقعہ کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ ایف سی کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے اور صحیح سلامت واپس آ گئے ہیں۔
انہوں نے ٹیلیفون پر بتایا کہ جس لیفٹیننٹ کرنل کا ذکر ہے وہ ان کے ساتھ موجود ہیں اور صحیح سلامت ہیں۔
اس بارے میں مند اور تربت میں صحافیوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ جس مقام پر کارروائی کی گئی ہے وہ پاک ایران سرحد کے قریب واقع ہے اور اطلاعات کے مطابق دو مزاحمت کاروں کی لاشیں مند میں ایف سی کے کیمپ لائی گئی ہیں جبکہ ایف سی کے زخمی اہلکاروں کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔
صحافیوں نے بتایا کہ تربت مند روڈ پر ایف سی کی اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور آنے جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے