Tuesday, 07 August, 2007, 22:07 GMT 03:07 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
حکمران مسلم لیگ نے آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے ممکنہ امیدواروں کے ابتدائی انٹرویو خفیہ ایجنسی کے عہدیداروں اور پولیس افسران کی موجودگی میں کیے ہیں۔
پنجاب کے پینتیس میں سے تیس اضلاع کے انٹرویو مکمل ہوچکے ہیں۔یہ انٹرویو حکمران مسلم لیگ کے ضلعی اجلاسوں میں کیے گئے جو لاہور کے ایواِن وزیراعلٰی میں طلب کیے گئے تھے۔
مسلم لیگی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ناظمین اور مسلم لیگی عہدیداروں اور ٹکٹ کے خواہشمند اراکین کے ان اجلاسوں کی صدارت تو وزیر اعلٰی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کی لیکن تقریباً ہراجلاس میں ایک وفاقی خفیہ ایجنسی کے صوبائی سربراہ، پنجاب پولیس یا اس کی سپیشل برانچ کے سربراہ، ضلعی پولیس افسر اور ضلعی رابطہ افسروں نے بھی شرکت کی۔
ان اجلاسوں میں بعض نشستوں سے حکمران مسلم لیگ کے حتمی امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اپوزیشن رہنماؤں نےالزام عائد کیا ہے کہ ’مسلم لیگ کے امیدواروں کا فیصلہ اس پارٹی کی قیادت نہیں بلکہ خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار اور سرکاری افسر کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسروں کی موجودگی بلا جواز نہیں تھی ان کے بقول چونکہ یہ اجلاس وزیر اعلٰی پنجاب کے زیر صدارت ہو رہے ہیں جو صوبے کے سربراہ بھی ہیں اس لیے ان افسروں کی موجودگی منطقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاسوں میں ہر ضلع کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے اور رپورٹیں طلب کی جاتی ہیں۔احکامات جاری کیے جاتے ہیں جن کے لیے سرکاری افسروں کی موجودگی ضروری ہے۔
تاہم مسلم لیگ پنجاب کے سنیئر نائب صدر میاں عبدالستار کا کہنا ہے کہ وہ بھی اسی اجلاس میں موجود تھے لیکن ان کاکہنا تھا کہ انہیں اس میٹنگ میں کوئی سرکاری افسر نظر نہیں آیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے کہ قاف لیگ کے امیدواروں کے انٹرویو انٹیلجنس بیورو کے افسران لے رہے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والی رکن قومی اسمبلی فردوس عاشق اعوان کی مثال پیش کی جنہیں پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے دباؤ کا سامنا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے اعلان کے چند گھنٹوں کے اندر سیالکوٹ پولیس نے ان کے بھائی، بھتیجوں، بہنوئی اور گھریلو ملازمین کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے دو مقدمات درج کرلیے تھے۔
حکمران مسلم لیگ کے صوبائی عہدیدار میاں عبدالستار نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان اجلاسوں میں مسلم لیگ نے اپنے امیداوروں کو پرکھا ہے ،ان کے سیاسی قد کا اندازہ لگایا ہے لیکن الیکشن ٹکٹ کا فیصلہ کرنے کے لیے پارلیمانی بورڈ بلائے جائیں گے جن کی سربراہی چودھری شجاعت حسین کریں گے۔