Wednesday, 08 August, 2007, 00:27 GMT 05:27 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں نامعلوم افراد نےایک پولیس چوکی پر بارودی مواد سے حملہ کرکے پانچ پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔
اس کے علاوہ بنوں شہر کے جنوب کی جانب سے کینٹ علاقے پر بھی آٹھ راکٹ داغے گئے ہیں جس میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
بنوں پولیس کے سربراہ دارعلی خٹک نے بی بی سی کو بتایا کہ رات تقریباً نو بجے بنوں میں واقع سوکڑی پولیس چوکی میں نامعلوم افراد نے بارودی مواد رکھادیا جو زوردار دھماکے کےساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور چوکی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
انہوں نےبتایا کہ اس کے بعد رات تقریباً دو بجے نامعلوم افراد نے جنوب کی جانب سے کینٹ علاقے پر آٹھ راکٹ داغے تمام راکٹ کینٹ میں ہی گرے ان دھماکوں میں کسی طرح کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔البتہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے بنوں شہر پر نامعلوم افراد نے چار راکٹ داغے تھے جو چوک بازار میں شہری آبادی پر گرے تھے جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور اکتالیس زخمی ہوگئے تھے۔