http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 05 August, 2007, 11:20 GMT 16:20 PST

جمشید بلوچ
ملتان

توہینِ قرآن کے مقدمے کا مطالبہ

وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے لال مسجد آپریشن کے دوران مبینہ طور پر قرآنِ پاک کے تقدس کو پامال کرنے اور میتوں کی بے حرمتی کے ذمہ دار افراد کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 295 -بی کے تحت کیس درج کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے۔

ملتان پریس کلب میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوفاق المدارس کے سیکرٹری قاری محمد حنیف جالندھری نے بتایا کہ درخواست میں ہماری جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ ’جنرل پرویز مشرف ، چیف آف آرمی سٹاف ، وزیر داخلہ ، کور کمانڈر 10 راولپنڈی ،چیف کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کے خلاف لال مسجد اور جامعہ حفصہ آپریشن میں مردوں عورتوں کو بے رحمی سے قتل کرنے کی ایف آئی آر درج کی جائے‘ ۔

قاری محمد حنیف جالندھری نے اخباری کانفرنس میں اس آئینی درخواست کی کاپیاں بھی پیش کیں درخواست میں کہا گیا ہے کہ لال مسجد آپریشن کے دوران انتظامیہ نے وعدہ کیا تھا کہ جو طلبا خود گرفتاری دیں گے ان کے خلاف کوئی کیس درج نہیں کیا جائےگا۔

درخواست کے مطابق انتظامیہ اپنے وعدے سے مکر گئی ہے اور اس وقت بھی چالیس طلباء سلاخوں کے پیچھے ہیں اور انتظامیہ لاپتہ افراد کے بارے میں کچھ بتانے سے گریز کر رہی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ’آپریشن سائلنس کرنے والے افراد کے جانب سے قرانِ پاک کے تقدس کو پامال کرنے اور لاشوں کو ٹھکانے لگانے کی جس طرح کوشش کی گئی اس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرائی جانے والی عمارتوں کے ملبے کو تحقیقات مکمل ہونے تک ہٹایا نہ جائے۔اس کیس کی سماعت انیس اگست کو ہوگی۔