Sunday, 05 August, 2007, 10:23 GMT 15:23 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
مسلم لیگ (نواز) کے قائم مقام صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں اور نواز شریف اور بےنظیر بھٹو کی عدم موجودگی میں غیر جانبدار اور شفاف انتخابات ممکن نہیں ہیں۔
اتوار کو لاہور میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صدر مشرف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں انتخابات کی تیاریوں کی بجائے مشرف مخالف تحریک چلائی جائے، کیونکہ فردِ واحد کی مرضی کے تحت ہونیوالے انتخابات ملک کے لیے مزید مشکلات پیدا کرینگے۔
جاوید ہاشمی اتحاد برائے بحالی جمہوریت یعنی اے آر ڈی کے صدر بھی ہیں۔ مسلم لیگ (نواز) کے علاوہ پیپلز پارٹی بھی اس اتحاد کا حصہ ہے۔ تاہم بےنظیر بھٹو اور جنرل مشرف کے درمیان مبینہ ڈیل کی خبروں سے اتحاد غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر ایسا کچھ کر رہی ہے تو انہیں اس پر افسوس ہے، تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اے آر ڈی ختم نہیں ہونے دیں گے۔
اخباری کانفرنس میں جاوید ہاشمی کے ساتھ مجلس عمل پنجاب کے صدر لیاقت بلوچ اور مسلم لیگ (نواز) کے صوبائی صدر سردار ذالفقار علی کھوسہ بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس کے بعد جاوید ہاشمی ایک قافلے کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوئے جہاں وہ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے۔ قافلے میں شامل مسلم لیگی کارکن ’گو مشرف گو، وزیراعظم نواز شریف، ایک بہادر آدمی ہاشمی ہاشمی‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
بغاوت کے مقدمے میں پونے چار سال تک جیل میں رہنے کے بعد جاوید ہاشمی سنیچر کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوئے ہیں۔ رہائی کے بعد وہ ایک جلوس کی شکل میں داتا دربار اور علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دینے گئے تھے۔