Wednesday, 01 August, 2007, 18:18 GMT 23:18 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ایک پولیس چوکی کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے تاہم واقعہ میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملی ہے۔
سوات کے ضلعی رابط افسر سید محمد جاوید نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ کی شام نامعلوم افراد نے مٹہ سب ڈویژن کے علاقے شکردرہ میں قائم پولیس کی ایک چوکی میں ٹائم بم رکھا تھا جس کے پھٹنے سے چوکی کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
تاہم دھماکے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے کیونکہ دھماکے کے وقت چوکی میں پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے چوکی کے دونوں کمروں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹکڑے ٹکڑے ہوکر دور جاگرے ہیں۔
سوات کے ایک مقامی صحافی شیرین زادہ نے بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنائی دی۔
سوات میں پولیس تھانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز بھی سوات کے تحصیل کبل کے علاقے براہ بانڈہ میں نامعلوم افراد نے پولیس چوکی کو نذرآتش کیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان حملوں کے بعد سوات میں پولیس اہلکاروں کی گشت اور نقل و حرکت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً تین ہفتے قبل مٹہ سب ڈویژن میں ایک فوجی قافلے پر دو خودکش حملوں میں گیارہ فوجی جوانوں سمیت چودہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔