http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 27 July, 2007, 17:24 GMT 22:24 PST

نیئر شہزاد
بی بی سی، اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

لال مسجد غیر معینہ عرصے کے لیے بند

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جمعہ کو ہنگامے کے بعد لال مسجد کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ فیصلہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

لال مسجد کھلتے ہی ہنگامہ آرائی
لال مسجد رنگ بدلا ڈھنگ وہی

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علماء اور علاقے کے لوگوں سے مذاکرات کرے گی اور صلاح مشورے کے بعد مسجد کو دوبارہ کھولا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علاقے سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم لال مسجد کے اردگرد سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اسے ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جامعہ حفصہ کا باقی ماندہ ملبہ جلد اٹھا لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کو لال مسجد میں ہنگامہ کرنے والے پچاس افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔