Friday, 20 July, 2007, 17:35 GMT 22:35 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے دور افتادہ پہاڑی ضلع دیر بالا میں حکام کا کہنا ہے آسمانی بجلی گرنے اور آندھی اور طوفان سے کم از کم چالیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دو گاؤں پانی میں بہہ گئے ہیں۔
دیر بالا کے ضلعی ناظم صاحبزادہ طارق اللہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی شام دورافتادہ پہاڑی علاقے ناشنامل میں پیش آیا جہاں آسمانی بجلی گرنے اور شدید آندھی اور طوفانی بارش سے دو گاؤں پانی میں بہہ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک انہیں چالیس سے پچاس افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ضلعی ناظم کے بقول انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہے جہاں لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے اور اب تک سترہ لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔
ضلعی ناظم کا کہنا تھا کہ طوفان اور بارش سے دو گاؤں پانی بہہ گئے ہیں جبکہ تین یونین کونسل متاثر ہوئی ہیں۔