بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان نےامریکی خفیہ ادارے کی حالیہ رپورٹ کے بارے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کچھ بلاجواز دعوؤں کا اعادہ کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان القاعدہ یا کسی اور دہشت گرد گروہ کو اپنی حدود کےاستعمال کی اجازت نہیں دےگا۔ ’پاکستان نے القاعدہ کو تباہ کرنے کے لیے دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ کردار ادا کیا ہے اور القاعدہ اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کی باقیات کے خلاف موثر کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔’
’دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی ایک جامع حکمت عملی ہے جو سیاسی ،انتظامی ،معاشی اور جہاں ضروری ہو فوجی ایکشن پر مشتمل ہے۔‘
تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کی پوزیشن بہت واضح ہے کہ اس کی حدود میں کوئی بھی کارروائی اس کی اپنی سکیورٹی فورسز ہی کریں گی۔ ’یہی ہمارے تعاون کی بنیاد ہے۔ ہم نے فوجی دستے تعینات کیے ہیں چوکیاں قائم کی ہیں اور کچھ علاقوں میں باڑ بھی لگائی ہے۔ اس کے علاوہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کوئی بھی ضروری قدم اٹھایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دہشت گردی کے خلاف عزم میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چائیے کہ ہم کسی کوئی اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔‘
مذکورہ امریکی رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں طالبان اور القاعدہ دوربارہ منظم ہو رہی ہے۔