http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 12 July, 2007, 11:39 GMT 16:39 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

امریکی جاسوسی کے الزام میں قتل

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک افغان باشندے کو قتل کر دیا ہے۔ لاش کو شناخت کے لیے سپین وام میں مقامی لوگوں نے ایک مسجد میں رکھا دیا ہے۔

پولیٹکل انتظامیہ شمالی وزیرستان نے بتایا ہے کہ میرانشاہ سے کوئی پچیس کلومیٹر دور شمال کی جانب سپین وام میں جمعرات کو ایک نالے سے سر کٹی لاش ملی ہے۔ لاش کے ساتھ پشتو تحریر میں ایک خط بھی ملا ہے، جس میں مقتول کا نام عبدالقیوم اور تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔

خط کے مطابق عبدالقیوم مجاہدین کے خلاف امریکہ کے لیے جاسوسی کرتا تھا اور ایسا کرنے والے کا یہی انجام ہوگا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عبدالقیوم پر کافی عرصہ سے مجاہدین کی نظر تھی اور آخر کار وہ اپنے انجام کو پہنچا۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق اگر لاش کی شناخت نہ ہو سکی تو اس کو میرانشاہ ٹاؤن کمیٹی منتقل کر دیا جائےگا۔ شمالی وزیرستان میں گزشتہ کچھ عرصہ سے ایک بار پھر ٹارگٹ کِلنگ اور امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں لوگوں کو مارنے میں اضافہ ہوا ہے۔

مقامی طالبان اور حکومت گزشتہ ایک مہینہ سے ایک دوسرے پر امن معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات بھی لگا رہے ہیں۔