Monday, 09 July, 2007, 17:10 GMT 22:10 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تاحال متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں صرف نال اور جاؤ کے علاقے سے ایک سو چوبیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ حکومت نے کل ایک سو چھپن افراد کے ہلاک ہو نے کی تصدیق کی ہے۔
خضدار کی تحصیل نال سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ اب تک باسٹھ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ سو کے لگ بھگ لوگ لاپتہ ہیں۔ نال سے دل مراد نامی شخص نے بتایا ہے کہ ان کے خاندان کے نو افراد سیلاب میں بہہ گئے ہیں جن میں سے اب تک صرف تین لاشیں نکالی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے بچ کر آنے والے لوگوں نے بتایا ہے کہ موقع پر تیس افراد نے ایک جگہ پر ہاتھوں کی زنجیر بنا لی تھی اور کہا تھا کہ اگر مریں گے تو اکٹھے اور جییں گے تو ایک ساتھ۔ جب سیلابی ریلے آئے تو دو افراد سلیم اور حکیم کے ہاتھ چھوٹ گئے تھے جو بچ گئے باقی کل ملا کر باون افراد تھے جن میں سے سینتالیس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں۔
گل مراد نے بتایا کہ سیلابی ریلوں کے بارے میں اتنظامیہ نے انہیں کوئی اطلاع نہیں دی تھی تاکہ وہ محفوظ مقام پر منتقل ہوجاتے۔
ادھر آواران کے علاقے جاؤ سےرمضان نامی شخص نے بتایا ہے کہ پیر کو مزید چار لاشیں ملی ہیں اور اب تک کُل چونسٹھ لاشیں مل چکی ہیں۔ رمضان نے بتایا کہ جس مقام سے لاشیں ملی ہیں وہاں سے اب تک بو اٹھ رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس علاقے میں مذید لاشیں موجود ہیں۔
دیگر ہلاکتوں کی اطلاعات |
پسنی، تربت، قلات، جھل مگسی، گندھاوا، نصیرآباد، بولان، مچھ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور دیگر علاقوں سے سو سے زیادہ ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے صرف ایک سو چھپن افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا رہی ہے۔