Monday, 09 July, 2007, 00:30 GMT 05:30 PST
ہارون رشید،انتخاب امیر،آصف فاروقی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اتوار کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اعجاز الحق نے ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ لال مسجد کا کنٹرول اب مولانا عبد الرشید کے نہیں بلکہ مطلوب شدت پسندوں کے ہاتھوں میں ہے۔
وزیر کا کہنا تھا کہ لال مسجد اور جامع حفصہ کا کنٹرول ان شدت پسند افراد نے سنبھال لیا ہے جنہیں مسجد کے خطیب مولانا عبد العزیز اور ان کے بھائی مولانا عبالرشید نے ان کی حفاظت کے لیے مسجد میں بلایا تھا۔ اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ مسجد میں ’پانچ تک تربیت یافتہ مطلوب دہشت گرد موجود ہیں۔‘
وفاقی وزیر نے دعوی کیا کہ مسجد کے اندر خواتین اور بچوں کو مسجد سے ملحقہ مدرسے جامعہ حفصہ کی دو منزلوں پر بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں نے مدرسے میں موجود طلباوطالبات کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور انہیں باہر آنے نہیں دیا جا رہا۔
اعجاز الحق اتوار کو وزیر اعظم شوکت عزیز کے ہمراہ اس موقع پر بھی موجود تھے جب لال مسجد سے نکلنے والے کئی طلبا کو ان کے خاندانوں کے حوالے کیا گیا۔
فائرنگ، خاموشی، براہ راست نشریات بند
لال مسجد سے اتوار شام ساڑھے آٹھ بجے کے قریب شروع ہونے والی فائرنگ گھنٹہ بھر جاری رہنے کے بعد بند ہو گئی۔ سکیورٹی حکام نے جی سِکس کے علاقے میں واقع پریس کلب کو اپنے کنٹرول میں لے کر سر بمہر کر دیا اور وہاں موجود چند صحافیوں کو وہاں سے چلے جانے کے لیے کہا جو براہ راست صورتحال پیش کر رہے تھے۔ پریس کلب اسی علاقے میں واقع ہے جہاں کرفیو نافذ ہے۔
پولی کلینک جہاں زیادہ تر زخمیوں کو لے جایا جاتا تھا وہاں سے بھی صحافیوں کو جانے کے لیے کہا گیا۔ آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کو اسی پولی کلینک میں لایا جا رہا تھا۔
اس سے قبل لال مسجد کے سامنے سکیورٹی حکام نے میگا فون پر مسجد کے اندر موجود افراد سے رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ زخمیوں اور لاشوں کو باہر بھیجنے کا بندوبست کریں جنہیں لینے کے لیے ایمبولینس مسجد کے نزدیک بھیجی جا رہی ہیں۔ اس اعلان کے بعد ایدھی ایمبولینس کی دو گاڑیاں لال مسجد کی جانب جاتی ہوئی دکھائی دیں۔
وفاق المدارس کا اجلاس
ادھر وفاق المدارس نے ایک اجلاس کے بعد حکومت سے سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے۔ وفاق المدارس کے مرکزی عہدیدار حنیف جالندھری نے بی بی سی اردو کے نامہ نگار احمد رضا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو مکمل جنگ بندی کرتے ہوئے لال مسجد کے لوگوں سے بات کر کے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔
وفاق المدارس کے ایک وفد نے اتوار کو حکمران جماعت مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت سے بھی ملاقات کی اور ان سے لال مسجد کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا۔
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے بھی اخباری کانفرنس میں مسجد انتظامیہ سے ’یرغمال’ افراد کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے اور اپنے آپ کو بھی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے کہا ہے۔ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے عبدالرشید غازی کے اس دعوے کی تردید کی کہ گزشتہ روز سیکیورٹی ایجنسیوں کی فائرنگ سے مدرسے کی چھت گر گئی ہے جس سے تین سو سے زائد طالبات ہلاک ہوگئی ہیں۔
![]() | |
انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ لال مسجد سے رضاکارانہ طور پر باہر آنے پر حراست میں لیے جانے والے ڈیڑھ سو طلبا و طالبات کو اتوار کو رہا کیا گیا ہے۔ان طلباء کو اڈیالہ جیل سے سپورٹس کمپلیکس کے احاطے میں پہنچایا گیا۔ جہاں انہیں کڑے پہرے میں رکھا گیا اور پھر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
سیکٹر جی سکس کے کرفیو زدہ علاقے میں صحافیوں کی آمد ورفت میں سہولت کے لیے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا کے لیے خصوصی پاس جاری کیے ہیں اور لال مسجد سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر ایک عارضی میڈیا سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ مسجد کے احاطے میں محصور نائب خطیب عبدالرشید غازی نے ملکی و غیر ملکی میڈیا کو اتوار کو لال مسجد میں اپنی پریس کانفرنس میں آنے کی دعوت دی تاہم لال مسجد کے گرد سکیورٹی اقدامات کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
لال مسجد اور اس سے منسلک جامعہ حفصہ کے مذہبی شدت پسندوں کے خـلاف منگل کو شروع کیے گئے آپریشن میں سکیورٹی فورسز اور ہتھیار بندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں اب تک بائیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔آپریشن کے آغاز سے لیکر اب تک بارہ سو کے لگ بھگ طلبا و طالبات لال مسجد اور جامعہ حفصہ کو چھوڑ چکے ہیں۔ لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ ابھی بھی خاصی تعداد میں لوگ لال مسجد میں موجود ہیں۔