Thursday, 28 June, 2007, 10:41 GMT 15:41 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق اتمان زئی وزیر قبائل سے ہے۔
شمالی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سرحدی گاؤں دتہ خیل سے دس کلومیٹر دور جنوب کی جانب گاؤں ڈوگہ میں بدھ کو تین مقامی افراد سڑک کے کنارے ایک بارودی سرنگ بچھارہے تھے کہ سرنگ اچانک ایک زوردار دھماکہ سے پھٹ گئی جس کے نتیجہ میں تینوں ہلاک ہوگئے ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد مقامی قبائلی ہیں اور حکومت کو شبہ ہے کہ ان لوگوں کا تعلق عسکریت پسندوں سے تھا اور وہ کسی سرکاری گاڑی کو اڑانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اب یہ تحقیق کر رہی ہے۔ لیکن ابھی کسی پر الزام نہیں لگایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سنیچر کو شمالی وزیرستان کے تحصیل میر علی میں سڑک کے کنارے ایک بارودی سرنگ کے دھماکے سے خیبر رائفل کے تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
اس واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم کچھ عرصے سے مقامی طالبان یہ عندیہ دے رہے تھے کہ حکومت کی جانب سے ایسے اشارے مل رہے ہیں جن کی وجہ سے امن معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔