http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 21 June, 2007, 07:39 GMT 12:39 PST

عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

بارودی سرنگ دھماکہ، تین ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح سات بجے کرم ایجنسی کے صدر مقام پارہ چنار سے چالیس کلومیٹر دور خپینگہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر سڑک کے کنارے نصب ایک باروی سرنگ سے ٹکرا گیا۔

حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا تینوں ہلاک ہونے والے افراد اتفاقیہ طور پر بارودی سرنگ کا نشانہ بنے یا کسی نے ان کے راستے میں جان بوجھ کر بارودی سرنگ بچھائی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ اور کرم ایجنسی میں بارودی سرنگوں کے دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔ بارودی سرنگوں کے خلاف مہم چلانے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق کرم ایجنسی میں تقریباً ایک ہزار پچاس ایسے افراد ہیں جو بارودی سرنگوں کا نشانہ بننے کے بعد معذور ہو گئے ہیں۔