دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں ایک شخص نے رات گیارہ بجے کے قریب ایک مسجد پر دستی بم سے حملہ کیا ہے جس کے نیجہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ تیس زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو بنوں ڈسٹرک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں اٹھ کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔
بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو رات گیارہ بجے کے قریب شہر سے کوئی پانچ کلومیٹر دور مغرب کی جانب میرانشاہ روڈ پر واقعہ ائیرپورٹ کے قریب ایک مسجد پر ایک شحص نے دستی بم سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ تیس زخمی ہوگئے ہیں۔
بنوں ڈسٹرک ہسپتال کے ڈاکٹر غنی اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ تیس زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ جن میں اٹھ کی حالت تشویش ناک لگ رہی ہے۔ جن کو شاید پشاور منتقل کیا جائے۔
اسی ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں موجود ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ رات گیارہ بجے ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ایک ملزم کو موقع ہی پر گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق ملزم کی ابھی تک شناخت نہیں ہوئی ہے البتہ پولیس نے تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے۔