Sunday, 17 June, 2007, 18:39 GMT 23:39 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر جعفرآباد کی تحصیل صحبت پور سے نامعلوم افراد ایک صحافی کو اٹھا کر لے گئے ہیں جس کے خلاف مقامی صحافیوں نے احتجاج کیا ہے۔
صحافی عبدالطیف گولہ تحصیل صحبت پور میں قومی سطح کے ایک اخبار سے عرصہ بیس سال سے وابستہ ہیں اور صحبت پور پریس کلب کے نائب صدر ہیں۔ صحافی کے بھائی غلام قادر نے بتایا ہے کہ رات کے وقت کوئی پندرہ افراد آئے جن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار شامل تھے اور وہ گھر کے اندر گھس آئے ۔
انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں چادر اور چار دیواری کا خیال کیے بغیر عبدالطیف کو اٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
صحبت پور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری سردار بنگلزئی نے بتایا کہ جعفر آباد میں ضلعی پولیس افسر سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے صحافی کے بازیابی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سردار بنگلزئی نے بتایا کہ صحبت پور کے صحافیوں نے اس کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ کا لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔