Monday, 11 June, 2007, 16:04 GMT 21:04 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان اور افغانستان کے شیعہ اور سنی قبائل کے مابین ایک امن معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق فریقین نے علاقے میں فرقہ وارانہ تشدد کی صورت میں تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے سے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
معاہدہ پر دستحظ اتوار کو پاکستان کے قبائلی علاقہ کرم ایجنسی میں منعقدہونے والے ایک سرکردہ قبائلی جرگہ میں کیے گئے جس میں کرم ایجنسی کے توری (شیعہ) اور افغانستان کے زازی (سنی) قبائل نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ میں کسی سرکاری اہلکار نے شرکت نہیں کی۔
توری قبائل کے سربراہ کیپٹن ریٹائرڈ علی اکبر نے معاہدے کے بارے میں بی بی سی کو بتایا کہ فریقین اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ کرم ایجنسی میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کی صورت میں وہ ایک دوسرے کو نشانہ نہیں بنائیں گے بلکہ گفت وشنید سے تمام معاملات طے کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سال چھ اپریل کو کرم ایجنسی میں شیعہ سنی فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں دونوں جانب سے سینکڑوں کے قریب کے لوگ ہلاک و زخمی ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اس لڑائی میں کچھ میزائل افغانستان کے زازی کے علاقہ سے پاکستان کے سرحدی دیہات پر داغے گئے جس میں جانی و مالی نقصانات بھی ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئے جس میں دونوں طرف کے قبائل نے مختلف مسائل پر کھل کر اظہارخیال کیا۔
واضح رہے کہ افغانستان کے دو صوبوں پکتیا اور خوست کی سرحدیں پاکستان کے کرم ایجنسی سے ملتی ہیں۔ ماضی میں بھی پارہ چنار کے فرقہ وارانہ واقعات میں افغانستان کے قبائل شامل ہوتے رہے ہیں۔