http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 08 June, 2007, 08:28 GMT 13:28 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

کالعدم مذہبی تنظیم کے رہنما گرفتار

صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مبینہ فرقہ وارانہ دہشت گردی، تشدد اور قتل کی درجنوں وارداتوں میں ملوث کالعدم مذہبی تنظیم کے راہنما عبدالرؤف بلوچ کو پولیس نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے ایک سینیئر افسر صلاح الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ عبدالرؤف کے بارے میں پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی جس پر سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس کمانڈوز نےگیلانی ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپا مار کر گرفتار کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں عبدالرؤف بلوچ اور اسکے ساتھی تیمور بلوچ ہیں۔

اس واقعہ کے بعد پولیس کو الرٹ کر دیاگیا ہے جبکہ پنجاب اور جنوبی وزیرستان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنیوالی گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناحوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

ڈی آئی جی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان نے عبدالرؤف کی گرفتاری کو ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کارروائی میں شامل افسروں اور چھاپہ مارنے والی ٹیم کو انعامات اور اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔