Friday, 08 June, 2007, 20:12 GMT 01:12 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر حب میں ایک ہوٹل کے سامنے دھماکے سے تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ دھماکہ کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی آر سی ڈی شاہراہ پرایک فیکٹری کی بس کے ساتھ ہوا ہے۔ حب تھانے کے انسپکٹر عبداللہ جان نے بتایا ہے کہ یہ دیسی ساخت کا بم تھا اور جب فیکٹری کی بس جمعہ خان ہوٹل کے پاس پہنچی تو دھماکہ ہوا ہے۔
حب ہسپتال میں موجود پولیس اہلکار ذوالفقار نے بتایا ہے کہ تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح حب میں بھی دھماکے ہوتے رہے ہیں لیکن گزشتہ سال حب کے قریب ایک حملے میں ایک پاکستانی ڈرائیور اور تین چینی انجینیئرز ہلاک ہوگئے تھے۔اس کے بعد ایک ریسٹورنٹ میں دھماکے سے تیرہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈیرہ بگٹی میں دھماکہ
اس کے علاوہ جمعہ کی صبح بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی میں ماڈل سکول کے قریب دھماکے سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔
ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے بتایا ہے کہ ماڈل سکول اور فٹبال سٹیڈیم کے درمیان واقع سڑک کے کنارے پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا گیا ہے جس سے دو مقامی بگٹی قبیلے کے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔