Sunday, 03 June, 2007, 10:27 GMT 15:27 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
ایران نے امام خمینی کی برسی پر پاکستان سے ملحق تفتان سرحد کم از کم چار دن کیلیے بند کر دی گئی ہے۔
بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان کے نائب ناظم جلیل محمدانی نے بتایا ہے کہ پاک ایران سرحد پر گیٹ بند کر دیا گیا ہے اور امام خمینی کی برسی چار روز تک جاری رہتی ہے اس لیے سرحد بھی کم سے کم چار دنوں تک بند رہے گی۔
یاد رہے کہ اس سال فروری میں ایران کے شہر زاہدان میں عزاداروں کی ایک بس پر حملے کے نتیجے میں درجن بھر لوگ ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد ایران نے پاک ایران سرحد کوئی ایک ماہ سے زیادہ عر صہ کے لیے بند کر دی تھی اور سرحد پر دیوار کی تعمیر جاری ہے۔
سرحد کی بندش سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں آباد لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے خاص طور پر تجارت بند ہو جاتی ہے جس سے کاوربار متاثر ہوتا ہے ۔
اس کے علاوہ بلوچستان اسمبلی میں گزشتہ دنوں قائد حزب اختلاف کچکول علی ایڈووکیٹ نے پاک ایران سرحد پر دیوار کی تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اس بارے میں ایک تحریک پر بحث کرنا چاہی لیکن بقول ان کے کورم کو جان بوجھ کر توڑا گیا۔
انہوں نے اس بارے میں پھر ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ اس دیوار کی تعمیر سے دونوں ممالک میں آباد بلوچوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔