http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 June, 2007, 00:53 GMT 05:53 PST

آصف فاروقی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آْباد

’23 برس میں غربت اور ناخواندگی ختم‘

حکومتِ پاکستان نے کہا ہے کہ آئندہ تئیس برس کے دوران ملک سے غربت اور جہالت کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا۔

یہ بات حکومت کے وژن دو ہزار تیس پروگرام میں کہی گئی ہے جس میں اس مدت کے لیےمعاشی اہداف کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس تئیس سالہ منصوبے کی منظوری جمعرات کو وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔

یہ کونسل اقتصادی امور پر فیصلہ کرنے والا ملک کا اعلی ترین ادارہ ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلی کے علاوہ ملک کے چنیدہ بیوروکریٹس بھی شرکت کرتے ہیں ۔

منصوبے میں درج تفصیلات کے مطابق آئندہ تئیس برس کے دوران ملک سے غربت کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا جائے گا، پاکستان میں کوئی ان پڑھ نہیں ہوگا، فی کس آمدنی دس ہزار ڈالر سالانہ سے تجاوز کر جائے گی، آبادی میں اضافے کی شرح ایک فیصد تک گر جائے گی اور ملکی معیشت کا حجم سو کھرب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

منصوبہ بندی کمیشن کے نائب سربراہ ڈاکٹر اکرم شیخ نےاخبار نویسوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان اہداف کا حصول معیشت میں تیز رفتار ترقی، تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری اور ٹیکنیکل تعلیم اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔

پانی کو اس دور کے ایک بہت بڑے مسئلے کے طور پر پیش کرتے ہوئے تئیس سالہ منصوبے میں کہا گیا ہے کہ اس مدت کے دوران تمام ڈیمز مکمل کر لئے جائیں گے۔

قومی اقتصادی کونسل کو بتایا گیا کہ انیس سو ننانوے کی فوجی بغاوت کے بعد سے ملکی معیشت نے مثالی رفتار سے ترقی کی ہے۔ اس دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں سولہ گنا، ملکی آمدن میں تقریباً تین گنا، قومی بچت میں پانچ گنا اور بیرون ملک سے آنے والی رقوم میں بھی پانچ گنا اضافہ ہوا ہے