Sunday, 27 May, 2007, 01:34 GMT 06:34 PST
احمد رضا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق کرکٹر عمران خان کے صوبہ سندھ میں داخلے پر ایک ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
تاہم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کراچی اور سندھ کے دوسرے علاقوں میں ضرور جائینگے اور اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری صدر پرویز مشرف اور ایم کیو ایم کے رہنماء الطاف حسین پر ہوگی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار چودھری کی بارہ مئی کے روز کراچی آمد کے موقع پر ہونے والی خونریزی کے بعد عمران خان صدر مشرف کی حلیف جماعت ایم کیو ایم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ عنقریب لندن میں مقیم الطاف حسین کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت مقدمہ دائر کرینگے کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چیف جسٹس کی کراچی آمد کے موقع پر تشدد کرنے پر اکسایا۔
ایم کیو ایم نے ان بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور متعدد شہروں میں اس کے کارکنوں نے عمران خان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ کراچی شہر میں کئی جگہوں پر عمران خان کے خلاف وال چاکنگ کی گئی ہے، جس میں استعمال کی گئی زبان مبصرین کے مطابق انتہائی نا مناسب ہے۔