Saturday, 26 May, 2007, 07:30 GMT 12:30 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک اور دو کو زخمیوں کر دیا ہے زخمیوں میں ایک راہ گیر شامل ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ رحمت اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمیدزئی قبائل کے لوگوں پر نا معلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے جس سے چار افراد ہلاک اور ایک راہ گیر سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رحمت اللہ نیازی نے کہا ہے کہ حملہ آور غبزئی قبیلے کے لوگ ہو سکتے ہیں لیکن تاحال اس کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ واقعہ شہر کے معروف رہائشی علاقے شہباز ٹاؤن کے قریب پیش آیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آور گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے کہ اچانک شہباز ٹاؤن کے قریب گاڑی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے دو بھائی سرور اور عبدالباری سمیت جعف اور خدائداد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی اللہ گل اور ایک راہگیر سلیم چوہان زخمی ہوئے ہیں۔اس واقعہ کے بعد کوئٹہ شہر میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔