http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 22 May, 2007, 10:10 GMT 15:10 PST

نعیمہ احمد مہجور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

فوجی وردی میری کھال ہے: مشرف

پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ صدارتی عہدہ انہوں نے ملکی حالات کی وجہ سے سنبھالا ہے مگر فوجی وردی پہننے میں انہیں فخر محسوس ہوتا ہے۔

بی بی سی اردو سے ایک خصوصی انٹرویو میں صدر مشرف نے کہا ہے کہ فوجی وردی میں وہ پلے بڑھے اور جوان ہوئے ہیں، وردی ان کی کھال بن چکی ہے اور وہ اس سے کیسے الگ ہو سکتے ہیں۔

مشرف کے ساتھ انٹرویو کی مکمل ویڈیو
انٹرویو تفصیل کے ساتھ
ضمیمہ: چیف جسٹس اور حکومت
نہ وہ اعتماد نہ آواز میں وہ گھن گرج

صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں فوج کبھی مرضی سے نہیں آئی بلکہ فوج کو سول انتظامیہ سنبھالنے کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے پاکستان کو استحکام بخشا ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ اس کا غلط پروپیگنڈا کیا۔

عدلیہ کے موجودہ بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں اور انہیں اس کا فیصلہ منظور ہو گا۔

 سیاست دانوں کو جب ملک چلانا نہیں آیا تو فوج کے پاس ملکی انتظام سنبھالنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا
 

تاہم انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا کہ وہ چیف جسٹس کے حق میں فیصلہ آنے کی صورت میں اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں گے یا نہیں۔

صدر مشرف نے ملک کے مختلف اداروں میں فوج کی موجودگی کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں کو جب ملک چلانا نہیں آیا تو فوج کے پاس ملکی انتظام سنبھالنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔

صدر نے کہا کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر ملک کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لانا چاہتے ہیں مگر اپوزیشن جماعتیں جلسے جلوس کرنے کو ہی اصل سیاست سمجھتی ہیں۔