Monday, 21 May, 2007, 21:54 GMT 02:54 PST
سوموار کو لاہور کی ایک احتساب عدالت نے سابق وزیر مملکت اور صوبائی وزیر ارمغان سبحانی کے والد چودھری عبدالستار وریو کو بدعنوانی اور کرپشن کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔
عبدالستار وریو کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نےتقریباً چھ سال قبل ریفرنس دائر کیا تھا جس میں ان پر ناجائر ذرائع آمدن سے اثاثے بنانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
عدالت نے ریفرنس کی سماعت مکمل ہونے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا اور سوموار کو احتساب عدالت نے عبدالستار وریو پر عائد الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کر دیا۔
عبدالستار وریو کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے ہے اور وہ ریفرنس کی سماعت کے دوران ضمانت پر تھے۔ نیب نے عبدالستار وریو کے علاوہ ان کے بھائی چودھری اختر وریو اور ان کے بھتیجے و رکن پنجاب اسمبلی خوش اختر سبحانی کے خلاف الگ الگ ریفرنس دائر کئے تھے تاہم احتساب عدالت نے اختر وریو اور خوش اختر سبحانی کو چند ماہ پہلے الزام ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا تھا۔
عبدالستار وریو کا تعلق مسلم لیگ جونیجو گروپ سے تھا اور جونیجو لیگ کا پیپلز پارٹی سے اتحاد ہونے کی وجہ بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں وزیر مملکت تھے۔
نیب کے مطابق عبدالستار وریو انیس سو اٹھاسی سے انیس سو چھیانوے تک عوامی عہدوں پر فائز رہے اور اس عرصے میں اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ ریفرنس میں نیب نے یہ الزام لگایا تھا کہ عبدالستار وریو کے اثاثے ان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے اور نیب کے مطابق جو شواہد اکھٹے کئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اثاثے ان کے اور ان کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر قائم کئے گئے تھے۔