Friday, 18 May, 2007, 17:40 GMT 22:40 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر کے قریب دھماکے سے ایک بچہ زخمی ہوا ہے جبکہ مکران ڈویژن کے شہر تربت سے بھی ایک دھماکے کی اطلاع ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ رحمت اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے آئی جی آفس کے قریب کتابوں کے دکان کے سامنے سائیکل کھڑی کی جس پر دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے سے ایک بچے کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ نہیں تھی اس لیے نقصان زیادہ نہیں ہوا۔
یاد رہے گزشتہ سال دو نومبر کو آئی جی آفس کے سامنے ایک پِک اپ میں دھماکے سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد آئی جی آفس کے قریب حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے تھے۔
ادھر مکران ڈویژن کے شہر تربت میں دھماکہ ہوا ہے لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔