Saturday, 12 May, 2007, 16:26 GMT 21:26 PST
عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور
پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس افتخار کے دورۂ کراچی کے موقع پر ہونے والے ہنگاموں کی مذمت کرتے ہوئے پیر سے صوبے میں مکمل پیہہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں ایک ہنگامی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف آفریدی نے کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف، کور کمانڈر کراچی، وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور ایم کیو ایم پر براہ راست عائد کی اور کہا کہ ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سرحد کے وکلاء تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں پیر کو ہڑتال میں ان سے تعاون کی اپیل کریں گے۔
لطیف آفریدی نے نجی ٹی وی چینل’ آج‘ پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ مذکورہ چینل کو عوام تک حقائق پہنچانے کی وجہ سے حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
کراچی ہلاکتوں کی ذمہ داری |
انہوں نے کراچی میں ہونے والے ہنگاموں کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایم کیو ایم وزیراعظم شوکت عزیز کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بیان کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے لاہور کے دورے کے موقع پر چھبیس گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے باوجود ایک بھی پتھرنہیں پھینکا گیا جبکہ بقول ان کے ایم کیو ایم نے ایک منظم سازش کے تحت کراچی میں چیف جسٹس کے اترنے کے ساتھ ہی ہنگاموں کا سلسلہ شروع کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ان کی پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید پر حملے میں ان کے پارٹی کا ایک کارکن ہلاک جبکہ صوبائی ایڈیشنل سیکریٹری بشیر خان زخمی ہوگئے ہیں۔
ادھر پشاور میں سنیچر کواسلامی جمیعت طلبہ کے کارکنوں نے کراچی کے فسادات کی مذمت کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے جنرل پرویزمشرف اور ایم کیو ایم کے خلاف نعرے بازی کی۔