http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 11 May, 2007, 14:26 GMT 19:26 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

وزیرستان: پانچ لاشیں برآمد

پاکستان کے قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان میں ایک کنویں سے پانچ لاشیں ملی ہیں۔

مقامی قبائل نے برآمد ہوئی لاشوں میں سے چار کی شناخت کرلی ہے۔ لیکن ایک لاش کے مکمل طور پر مسخ ہونے کے سبب اس کی شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔

پولٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کو مقامی قبائل کو وانا سے بارہ کلومیٹر دور کلوتائی میں ایک کنویں سے پانچ لاشیں ملی ہیں۔ ان کے مطابق انہیں وانا بازار لایا گیا جہاں ان کی اجتما عی نمازہ جنازہ پڑھی گئی اور وانا ہی کے ایک بڑے قبرستان میں دفنا دیاگیا ہے۔

مقامی قبائل کے مطابق مرنے والے چار کا تعلق ترکمانستان سے تھا۔ جو افغانستان میں طالبان کے خاتمہ کے بعد یہاں روپوش ہوگئے تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق ترکمانی غیر ملکی ازبکوں کے بھی خلاف تھے۔

یہ لاشیں وانا کے اس علاقے سے ملی ہیں جہاں ایک مہینہ پہلے غیر ملکی ازبک اور مقامی طالبان کے مابین لڑائی ہوئی تھی۔ مقامی لوگوں کے مطابق غیر ملکی ترکمانوں کو غیر ملکی ازبکوں نے ہلاک کیا ہے۔ جو لڑائی کے دوران غیر ملکی ازبکوں کے ساتھ اس علاقے میں پھنس گئے تھے۔