Saturday, 05 May, 2007, 11:08 GMT 16:08 PST
عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کرفیو اٹھائے جانے کے تیسرے دن نامعلوم مسلح افراد نے شیعہ فرقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کی دوپہر دو مسلح نقاب پوش سائیکل سواروں نے ڈیرہ اسماعیل خان سے تقریباً چھ کلومیٹر دور امداد حسین نام کے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا یہ فرقہ واریت کا واقعہ ہے یا نہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دوہفتے قبل فرقہ ورانہ واقعات کے بعد چھ روز تک کرفیو لگا رہا جوگزشتہ بدھ کو ہٹا لیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو ہفتے قبل شیعہ فرقہ سے تعلق رکھنے والےتین افراد کی ہلاکت میں نامزد ملزم مسطاءاللہ خان کو جمعہ کوگرفتار کرلیا گیا اور تفتیش کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے فرقہ ورانہ فسادات سے متعلق کچھ مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں۔