Wednesday, 02 May, 2007, 21:40 GMT 02:40 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نا معلوم افراد نے دیہات کلی مدد کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا اس کے علاوہ سبزل روڈ کے ایک مکان پر نا معلوم افراد نے دستی بم پھینکا لیکن ان دونوں واقعات میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس رحمت اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ تین اِنچ قطر کی پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے جس سے کلی مدد کو گیس کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔
حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم پولیس اس بارے میں تحقیات کر رہی ہے۔
رات گئے کوئٹہ کے سبزل روڈ پر ایک ڈاکٹر کے مکان کی چھت پر نا معلوم افراد نے دستی بم پھینکا تھا جس سے مکان کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ سریاب روڈ پر ایک ڈاکخانے کے قریب دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن پولیس حکام نے اس دھماکے کی تصدیق نہیں کی۔ مکران ڈویژن کے شہرتربت سے بھی دھماکے کی اطلاع ہے۔
کوئٹہ میں کچھ دنوں کے وقفے کے بعد پھر دھماکے ہوئے ہیں۔ تاحال ان دھماکوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
دو روز پہلے پٹ فیڈر کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔